تازہ ترین

قتل سے قبل ’امر سنگھ چمکیلا‘ کہاں تھا؟ پہلی بیوی نے بتا دیا

سال 1988 میں قتل ہونے والے بھارتی پنجاب کے نامور گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی پہلی بیوی نے قتل سے قبل ہونے والی ملاقات میں ہونے والی گفتگو میڈیا کو بیان کردی۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو امر سنگھ چمکیلا کی پہلی اہلیہ گورمیل کور نے ماضی کے جھروکوں سے اپنی آخری ملاقات کا احوال سنا دیا۔

گورمیل کور نے بتایا کہ قتل سے 2 دن پہلے چمکیلا اور اس کی دوسری بیوی امرجوت مجھ سے ملنے آئے تھے اور تب ہی مجھے کچھ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کچھ بُرا ہونے والا ہے۔

تاہم اس دن ہم تینوں نے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، میں نے چپاتیاں بنائیں جبکہ امرجوت نے سبزی بنائی تھی۔ ہم سب خوشگوار موڈ میں تھے لیکن دو دن بعد ہی ملنے والی خبر نے میرا سب کچھ تباہ کردیا۔

ایک سوال کے جواب میں گورمیل نے بتایا کہ میرے شوہر چمکیلا کے قتل کے بعد ہمارے مالی حالات بہت خراب ہوگئے تھے اور بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے میں 5 روپے دہاڑی پر مزدوری کرنے لگی اس کڑے وقت میں چمکیلا کے کسی مداح یا خیرخواہ نے ہماری کوئی مدد نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے جس نے امرجوت سے دوسری شادی کے بعد بھی ہمارا پورا خیال رکھا اور اپنی دونوں بچیوں اور میری خاطر اس نے ہمیں اپنی زندگی میں ہی ایک پلاٹ بھی لے کر دیا تھا جو ہمارے بہت کام آیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیٹ فلیکس پر ہدایت کار امتیاز علی کی بائیوپک ’امر سنگھ چمکیلا‘ ریلیز ہوئی۔ امتیاز علی نے یہ فلم بھارت میں 80 کی دہائی میں مشہور ہونے والے پنجابی لوک گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بنائی ہے جنہیں ان کی دوسری اہلیہ سمیت جوانی میں ہی قتل کردیا گیا تھا۔

فلم میں امر سنگھ چمکیلا کا کردار بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار دلجیت دوسانجھ نے ادا کیا ہے جبکہ ان کی بیوی امرجوت کور کا کردار اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے نبھایا ہے۔

Comments

- Advertisement -