سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے دمام جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 6 کلو سے زائد آئس سعودی عرب منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سعودی شہر دمام جانے والا مسافر میر سجاد علی 6.330 کلو آئس اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا، مسافر نے ہیروئن بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کےلیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔
کچھ دیر قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی اے ایس ایف نے منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
اے ایس ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق دوحہ جانے والی خاتون مسافر سے 79 ہزار 480 امریکی ڈالرز (تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے پاکستانی) برآمد ہوئے تھے، جو مسافر نے مہارت سے بیگ کے اندر کپڑے میں چھپا رکھے تھے۔
دوسری جانب انسداد منشیات فورس نے باچا خان ایئرپورٹ پشاور پر یوگنڈا سے آنے والے مسافر سے 405 گرام کوکین برآمد کی ہے، پشاور کے رہائشی نے کوکین ٹرالی بیگ کے ہینڈل چھپا رکھی تھی.