ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے، الطاف حسین

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی / لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی قائم نہیں رہ سکتی ۔

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ 21 ویں صدی میں جبکہ پوری دنیا گلوبل ولیج میں تبدیل ہوچکی ہے اور انٹرنیٹ کے ذریعہ دنیا کے ایک سرے میں ہونے والے واقعہ کی خبرمنٹوں سیکنڈوں میں دنیا کے دوسرے سرے تک پھیل جاتی ہے ان حالات میں حقائق کو دنیا سے چھپایا نہیں جاسکتا اور آج بین الاقوامی ذرائع ابلاغ بھی ایم کیوایم کے موٴقف کی تائید کررہے ہیں کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی آڑ میں ایم کیوایم جیسی لبرل اور روشن خیال جماعت کو نشانہ بنایاجارہا ہے

۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مہاجروں کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جارہے ہیں اور ہم ان مظالم کے خلاف جمہوری انداز میں آواز بلند کررہے ہیں ،ہمارے پاس ایم کیوایم کے رہنماوٴں ، ذمہ داروں اورکارکنوں پر ڈھائے جانے والے ایک ایک مظالم کے ثبوت وشواہد موجود ہیں، جب بھی غیرملکی عدالت میں مقدمہ چلایاجائے گا تو یہ تمام ثبوت وشواہد پیش کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی قائم نہیں رہ سکتی ۔ الطاف حسین نے حق پرست عوام سے کہاکہ اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں اور مہاجروں پر ڈھائے جانے والے مظالم کےخلاف پرامن جدوجہد جاری رکھیں ۔

الطاف حسین نے مشکل اور کھٹن حالات میں ہمت وجرات اورثابت قدمی کے مظاہرے پر ایم کیوایم کے تمام کارکنان کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں