اسلام آباد: ہائیکورٹ نے دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کرنے والے ساڑھے چھ سو افراد کو رہا اور انکے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کے کارکنوں سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، چیف جسٹس انور کاسی نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد دفعہ ایک سو چوالیس کی ایف آئی آرز ختم کر نے کا حکم دیا، جس کے ساتھ ہی ساڑھے چھ سو افراد کو رہائی کا پروانہ بھی مل گیا۔
وکلاء صفائی کا کہنا تھا کہ پولیس نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے مقدمات بنائے، گرفتار افراد میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ورکرز کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عام شہری بھی شامل تھے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ورکرزکی گرفتاریوں کے خلاف مقدمے میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ڈی سی کو جواب داخل کرنے کے لئے دو دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔