اسکاٹ لینڈ : آزادی کا تاریخی ریفرنڈم آج ہورہا ہے،اسکاٹ لینڈ برطانیہ کا حصہ رہے گا یا نہیں فیصلہ آج ہوگا۔
سلطنت برطانیہ کا تین صدیوں تک حصہ رہنے والے اسکاٹ لینڈ کی قسمت کا فیصلہ آج ہونے جارہا ہے، جہاں عوام فیصلہ کرے گی کہ انھیں برطانیہ کے ساتھ رہنا ہے یا نہیں، اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ کی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی توجہ آج کے تاریخی ریفرنڈم پر مرکوز ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے حامیوں کی یس اسکاٹ لینڈ اور مخالفین کی لیٹس اسٹے ٹوگیدر کے نام سے مہم جاری ہے، آزادی ملی تو اسکاٹ لینڈ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن نہیں رہے گا۔
ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد پچاس لاکھ کے قریب ہے، دس لاکھ بیرونِ ملک رہائش پذیر ہیں، ووٹ دینے کے اہل افراد کی عمر سولہ سال سے زائد ہوگی۔
ووٹرز کا برطانوی شہری ہونا یا یورپی یونین یا دولتِ مشترکہ ممالک کا شہری ہونا لازمی ہے، اسکاٹ لینڈ کے رائے دہندگان کا ہر ووٹ بہت اہم ہوگا۔
رائے شماری میں پچاس فیصد سے زائد افراد نے برطانیہ سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تو برطانیہ کے ساتھ سترہ سو سات سے جاری الحاق کا خاتمہ ہو جائے گا اور اسکاٹ لینڈ کو دوہزار سولہ میں آزادی مل جائے گی۔