واشنگٹن: امریکی ریاست میری لینڈ کے شہربالٹی مورمیں پولیس حراست کے دوران سیاہ فام نوجوان کے قتل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے جس کے سبب شہرمیں ایمرجنسی نافذ کرکے نیشنل گارڈزتعینات کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بالٹی مور میں پولیس حراست کے دوران سیاہ فام نوجوان کے قتل کے خلاف شہرمیں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مظاہرین اورپولیس کے درمیان جھڑپوں میں پندرہ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے صورتحال کو قابو کرنے کے لئے شہرمیں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اورنیشنل گارڈزنے گشت شروع کردیا ہے۔
فسادات میں مشتعل مظاہرین نے کئی دکانیں لوٹ لیں اورمتعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ پولیس اورمظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں پندرہ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے آنسوگیس کی شیلنگ کی جبکہ ستائیس بلوائیوں کو گرفتاربھی کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ پچیس سالہ سیاہ فام نوجوان فریڈی گرے انیس اپریل کو پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوگیا تھا۔
بالٹی مورکے گورنر کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں لوٹ مارکرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
دوسری جانب امریکہ میں مقیم سیاہ فام برادری کے رہنماؤں نے نوجونواں سے صبروتحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔