اٹک : تحصیل جنڈ کے گاؤں رنگلی کے اکرام الحق کی پھانسی کے خلاف ورثا اور سول سوسائٹی نے احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق اغوا ء برائے تاوان کے کیس میں سزائے موت کے مجرم اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں رنگلی کے رہائشی اکرام الحق کی پھانسی کے خلاف والدہ ، پانچ بہنوں اور دیگر ورثانے احتجاج کرتے ہوئے صدر پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اکرام الحق کی پھانسی کی سزا کوعمر قید میں تبدیل کیا جائے ۔
ورثاکا کہنا تھا کہ مدعی جاوید صدیقی جس کی 3سالہ بیٹی کو اغوا کے جرم میں اکرام الحق کو پھانسی کی سزا دی گئی عدالت میں راضی نامہ لکھ کر دینے کے باوجود پھانسی کی سزاسنا دی گئی ۔
ورثاء کا کہنا تھا کہ اکرام الحق نے بچی کو اغوا نہیں کیا تھا ،جن لوگوں نے بچی کو اغوا کیا تھا ان ملزمان کو تو عدالت نے بری کردیا۔مگر اکرام الحق کو بے گناہ پھانسی دی جارہی ہے ۔
ہم صدر مملکت سے اپیل کرتے ہیں کہ اکرام الحق کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کیا جائے۔