انچیون: جنوبی کوریا میں جاری ایشین گیمزمیں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو فائنل میں چاررنزسے شکست دے کرسونے کا تمغہ حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انچیون میں پاکستان ویمنزٹیم نے سبزہلالی پرچم سربلند رکھتے ہوئےاعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ قومی ویمنزٹیم کی جیت کا سفرفائنل تک جاری رہا اورگولڈ میڈل معرکے میں پاکستان ویمنزٹیم نے میدان مارلیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ اوورز میں چھ وکٹوں ستانوے رنزبنائے، بسمہ معروف چوبیس رنزبناکر نمایاں رہیں۔
جواب میں بارش کے باعث بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سات اوورزمیں تینتالیس رنز کا ہدف دیا گیا جس کو حاصل کرنے کے لئےبنگلہ دیش نے اننگزکا آغازتو برق رفتاری سے کیا لیکن پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے حریف ٹیم کے عزائم خاک میں ملادیئے ۔
قومی ویمنزکرکٹ ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے مسلسل دوسری مرتبہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے ثناء میر، ندا ڈاراورسعدیہ یوسف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔