اینچون: ایشین گیمز ہاکی کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئین پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی ہے اور ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
اینچون میں کھیلا جانے والا میچ انتہائی دلچسپ رہا، پندرہ پندرہ کے چار ہاف پر مشتمل میچ میں دفاعی چیمپئین پاکستان نے بھارت کو دو ایک گول سے دھول چٹائی، ابتدائی دو ہاف میں مقابلہ کانٹے کا رہا۔
دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی ٹیم گیند کو جال کی راہ نہ دکھا سکی، تیسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں عمر بھٹہ نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلا دی جو ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
چوتھے ہاف کے آغاز میں بھارت نے گول کرکے مقابلہ برابر کیا، میچ ختم ہونے سے چھ منٹ قبل محمد وقاص نے دوسرا گول کیا ،جو فیصلہ کن ثابت ہوا، اس کامیابی کی بدولت قومی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔