چارواہ: بھارتی جنگی جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، چار واہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج کی شر انگیزیاں وقفے وقفے سے جاری ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کردی۔
رینجرز ذرائع کے مطابق چار واہ سکیٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور دو خواتین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے، چناب رینجرز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھرپور کارروائی کی، پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد بارود اگلتا بھارتی توپ خانہ ٹھنڈا پڑگیا۔
اس سے قبل بھارت نے پاکستان کے احتجاج کے باوجود پیر کی شب ساتویں بارکنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائر کھول دیا، بھارتی فورسز نے چار واہ ،چپراڑ اور بجوات سیکٹر کے دیہاتوں پر گولہ باری کی، دیہاتیوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے مارٹر گولوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، چناب رینجرز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی۔
یکم اکتوبر کے بعد سے یہ سیز فائر کی ساتویں خلاف ورزی ہے۔
واقعہ سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں پیش آیا، بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی جبکہ کئی مکانات تباہ اور درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے پیر کی صبح کی جانے والی بھارتی فائرنگ سے چار شہری شہید ہوگئے تھے، لوگ نماز عید بھی ادا نہ کرسکے تھے۔۔
آپے سے باہر بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹے میں پانچ پاکستانیوں کو شہید اور انیس کو زخمی کردیا ہے۔