جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

بھارت کے جوہری ذخیرے میں تشویشناک حد تک اضافہ، برطانیہ کے برابر پہنچ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : بھارت کا جوہری ذخیرہ میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد برطانیہ کے برابر پہنچ گیا،ایک سال میں بھارت نے دس نئےایٹمی وارہیڈز تیار کیے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف” نے اپنی ایک حالیہ اور چونکا دینے والی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور وہ اب ایٹمی وارہیڈز کی تعداد کے لحاظ سے برطانیہ کے برابر پہنچ چکا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جہاں بھارت اپنے ایٹمی پروگرام کو خطرناک حد تک وسعت دے رہا ہے، وہیں اس کے مقابلے میں اس عرصے کے دوران پاکستان کا جوہری ذخیرہ مکمل طور پر مستحکم رہا ہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے گزشتہ محض ایک سال کے دوران 10 نئے ایٹمی وارہیڈز تیار کیے ہیں، جس کے بعد اب اس کا مجموعی جوہری ذخیرہ 190 وارہیڈز تک جا پہنچا ہے جبکہ ایٹمی ہتھیاروں کی یہ تعداد اب عالمی ایٹمی طاقت برطانیہ کے کل جوہری ذخیرے کے برابر سطح پر آ گئی ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارت زمین کے ساتھ ساتھ اب سمندر سے بھی جوہری حملے کی صلاحیت کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔ بھارت نے ایٹمی میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھنے والی دو نئی جدید آبدوزیں اپنے بحری بیڑے میں شامل کر لی ہیں اور بھارتی بحریہ کی ان آبدوزوں پر آپریشنل طور پر تیار میزائلوں کی باقاعدہ تعیناتی کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

دفاعی ماہرین کے لیے سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ سامنے آئی ہے کہ بھارت اب پہلی مرتبہ اپنے جوہری وارہیڈز کو "فوری استعمال کی حالت” میں رکھنے کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب تک سیکیورٹی میں لاک رہنے والے ہتھیاروں کو کسی بھی وقت فائر کرنے کے لیے لائیو پوزیشن پر منتقل کیا جا رہا ہے، جو خطے کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت کی اس تمام تر جارحانہ ایٹمی دوڑ کے برعکس، پاکستان کے دفاعی اور جوہری ذخائر میں کوئی غیر معمولی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور وہ خطے کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے طے شدہ اصولوں کے مطابق مستحکم رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں