کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ان کا اصل جھگڑا کسی اور سے ہے۔
جمعرات کی شام کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اسے احسن طریقے سے پورا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماء کراچی آئیں ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی ساتھ ہی ساتھ شہرمیں جس مقام پر بھی دھرنے ہوں گے انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج ہمارے خلاف نہیں ان کا اصل جھگڑا کسی اور جماعت سے ہے، پر امن احتجاج کرنا تحریکِ انصاف کا حق ہے اور سندھ حکومت اس میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے آج وفاقی ِ وزیرِداخلہ چوہدری نثار احمد خان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھاجس میں شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے جمعہ 12 دمبر کو کراچی میں 24 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کررکھا ہے۔