کراچی : حکومت نے تعطیلات سے قبل کھلنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ منصوب حسین صدیقی کا کہنا ہے کہ قوانین کے تحت تمام اسکول سرکاری احکامات کے پابند ہیں، خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخی کردی جائے گی اور اسکول مالکان کو قید کی سزا بھی دی جائے گی ۔
انھوں نے اسکول مالکان کو تنبیہ کی وہ احکامات کی پابند کریں ورنہ معائنہ ٹیمیں کاروائی کیلئے آزاد ہیں۔
اس سے قبل پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کو مسترد کردیا تھا، سیکریٹری تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے گیارہ اگست کو کھُلیں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن چیئرمین خالد شاہ نے حکومت سندھ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام محفوظ اضلاع میں نجی اسکول تین اگست سے کھولے جائیں گے، کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں ویسے ہی تاخیر کا شکار ہیں ایسوسی ایشن کے کسی بھی نمائندے یا کسی اسکول پرنسپل کو گرفتار کیا گیا تو گرفتاری دیں گے۔
سیکریٹری تعلیم سندھ فضل اللہ پیچوہو نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیلات گیارہ اگست تک ہوں گی کوئی بھی نقصان ہوا تو ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیاجائےگا، اسکول کھولنے پرجرمانہ عائد ہونے کے ساتھ اسکول کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جاسکتی ہے۔