لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے جگہ جگہ چھوٹے ڈیمز بنا کرسیلاب کی تباہ کاریوں کو روکا جا سکتا تھا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کے قیام کے چھیاسٹھ سال بعد بھی کسی حکومت نے سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لئے اقدامات نہیں کئے، جس کی وجہ سے ہرسال بڑے پیمانے پرقیمتی جانی ومالی نقصان کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضد اورہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے جگہ جگہ چھوٹے ڈیم بنا کرسینکڑوں قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف گھرسیلاب سے محفوظ رہتے بلکہ لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا، ان کا معیار زندگی بلند ہوتا اور زرعی پیداوار بڑھنے سے ملکی معیشت بہتر ہوتی۔
الطاف حسین نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچائے بغیربروقت ایسے فیصلے کئے جائیں، جن سے ملک ترقی کرسکے۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم پنجاب کے کارکنوں، ہمدرد عوام اور مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کریں۔