لاہور: ہائی کورٹ نے جنگ جیو کے مالک میر شکیل الرحمان اور میرابراہیم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر متعلقہ ایس ایچ او کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار آفتاب ورک ایڈووکیٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیو نے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیر الاسلام اور پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش کرتے ہوئے ان کے خلاف حامد میر پرقاتلانہ حملے کا الزام عائد کیا، جس سے پوری دنیا میں پاکستان اورفوج کی بدنامی ہوئی ہے۔
اس حوالے سے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر پانچ مئی کو عدالت نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا مگر پولیس نے ابھی تک اس پرعمل نہیں کیا جو کہ توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہائی کورٹ پولیس کو حکم دے کہ ماتحت عدالت کے حکم کے مطابق فوری طور پرمیرشکیل الرحمان اورمیرابراہیم سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد متعلقہ ایس ایچ او کو ریکارڈ سمیت انتیس ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔