لاہور: پنجاب حکومت نے ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر ایک خط الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریر کیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ستمبر کی حتمی مدت میں توسیع کی جائے۔
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب پنجاب کے بیشتر علاقے بالخصوص دیہی علاقے شدید متاثرہیں۔
خط کے مطابق اگر مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد کرایا گیا تو سیلاب سے متاثرہ افراد ان اتخابات میں حصہ نہیں لے پائیں گے لہذا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔
واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں سے اس وقت پنجاب کے تمام دریاؤں میں شدید طغیانی ہے اور کئی علاقے اور فصلیں زیرِآب ہیں ۔
حکومتِ پنجاب کا موقف ہے کہ سیلاب کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کی آباد کاری ایک بڑا چیلنج ہے لہذا حکومت کے لئے اس صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کا یہ خط الیکشن کمیشن کو ارسال کیا جاچکاہے۔