اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات شروع ہوگئے، فریقین نے طے کیا ہے کہ مذکراتی عمل سے میڈیا کو لاعلم رکھا جائے گا۔
ملک میں بڑھتی سیاسی کشیدگی سے بچنے کیلئے حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان معطل مذاکرات بحال ہوگئے، وفاقی وزیر احسن اقبال اور پی ٹی آئی کے رہنماء اسد عمر کی ملاقات پی ٹی آئی کے وکیل محمد سکندر کے گھر ہوئی۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے محمد سکندر بطور وکیل شامل رہے اور حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کی مدد لی گئی، یہ ملاقات تقریبا ایک گھنٹہ اور بیس منٹ جاری رہی، ملاقات میں حساس اداروں کی نمائندگی،اور تحقیقاتی کمیشن کے ٹرم آف ریفرنسز پر بات آگے بڑھائی گئی۔
دونوں رہنمائوں نے طے کیا کہ مذاکرات کا اگلا دور ہفتے کو ہوگا، جس میں شاہ محمود قریشی اور اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے، اس اہم ملاقات میں مذاکراتی عمل کے نکات میڈیا سے چھپانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔