لاہور: تنظیم اتحادِامت کے زیراہتمام شیوخ الحدیث کانفرنس نے اپنے فتوے میں طالبان اور داعش کو عصر حاضر کے خوارج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملے کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں تنظیم اتحاد امت کے زیراہتمام شیوخ الحدیث کانفرنس مفتی محمد خان قادری کی صدارت میں ہوئی۔ جس میں اہلسنت مفتیان کی جانب سے فتوٰی جاری کیا گیا کہ طالبان، القاعدہ، داعش، بوکو حرام اور الشباب جیسی تنظیموں کا فلسفہ جہاد جہالت پر مبنی ہے، خودکش حملے کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں۔
فتوٰی میں کہا گیا ہے کہ اسلام فرقے کی بنیاد پر قتل کی اجازت دیتا ہے نہ سکیورٹی فورسز کے خلاف لڑنے والے شہید قرار دیئے جا سکتے ہیں۔
مفتیانِ اہلسنت نے کہا کہ طالبان اور داعش عصر حاضر کے خوارج ہیں، پولیو مہم شریعت کے متصادم نہیں ہے۔
فتوٰی میں کہا گیا کہ غیر مسلم اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر حملے بدترین گناہ اور مجرمانہ فعل ہے، شریعت کے نفاذ کیلئے بندوق اٹھانا بھی درست نہیں۔
اہلسنت مفتیان نے کشمیر ، فلسطین، افغانستان اور عراق میں جاری آزادی کی تحریکوں کی تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے دائرے میں رہ کر پرامن جدوجہد کی جائے۔