سکھر : دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
دریائےسندھ میں سیلابی صورتحال برقرارہے،مُوسلادھار بارشوں سے پانی کی سطح میں مُسلسل اضافہ ہورہا ہے، دریائے سندھ میں راجن پور کے مقام پر اونچے درجے کا سیلا ب ہے، گڈو بیراج سے تین لاکھ پچیس ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، سکھر بیراج سے آج بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے جبکہ گڈو بیراج سے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اونچے درجےکا سیلابی ریلا گزرے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاﺅ دو لاکھ چون ہزارسات سو اور کالا باغ پر تین لاکھ انتیس ہزار کیوسک سے زائد ہے، چشمہ پر پانی کا بہاﺅ تین لاکھ نناوے ہزار کیوسک سے زائد جبکہ تونسہ پر چار لاکھ سینتالیس ہزار کیوسک سے زائد ہے۔
تربیلاڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اضافی پانی کےاخراج کیلئے اسپل ویزکھول دیئے گئے ہیں، نوشہرہ کے قریب دریائے کابل میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے، دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کا بہاﺅ پنیسٹھ ہزار نو سو کیوسک سے زائد ہے، صوبہ پنجاب کے دیگر تمام دریا اور ندی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔