اسلام آباد: سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء رحیق عباسی سے ملاقات کی ہے، جس میں مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک ایک بار پھر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین سے ملاقات میں سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وہ مذاکراتی عمل کا تعطل دور کرنے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
رحمان ملک کی پیشکش پر تحریکِ انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کا شکوہ تھا کہ حکومت ایک جانب مذاکرات کرتی ہے تو دوسری جانب کارکنوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے، مذاکرات اور گرفتاریاں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ مسائل مذاکرات سے ہی حل کئے جاتے ہیں لیکن حکومت مذاکرات کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آئی۔