اسلام آباد: سانحہ پشاور پر آج ملک بھر میں سوگ کا سماں ہے شہر شہر کاروباری سرگرمیاں معطل اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سر نگوں ہے۔ ملک بھر کی عدالتوں میں بھی آج ہڑتال کی جارہی ہے۔
پاکستانی تاریخ کے المناک سانحے پر ملک کے گلی کوچے سوگ میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔ ہر آنکھ اشکبار اور درد دل رکھنے والا سوگوار ہے۔ پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں معصوم بچوں کی شہادت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ سانحے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ پشاور کے مختلف علاقوں میں ادا کی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں آج دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے کیا گیا ہے۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں معطل کرکے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان بار کونسل بھی آج ملک گیر ہڑتال کر رہی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے کاروباری سرگرمیاں معطل رکھی گئی ہیں ایبٹ آباد میں آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے شہر بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہے۔ سرگودہا میں بھی معصوم شہادتوں پر مکمل شٹرڈاؤن ہے۔ اوکاڑہ میں بھی انجمن تاجران نے کاروباربند رکھنے کا اعلان کیاہے۔ سکھر سمیت سندھ کے کئی اہم اور بڑے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ کراچی کے تمام چھوڑے اور بڑے بازار اور کاروباری مراکز پشاور سانحہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے بند ہیں۔
ادھر آج کوئٹہ میں پشاور سانحہ کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فجر کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی گئی۔ پشاور میں شہادت پانے والے آرمی اسکول کے طالبعلم اور اسٹاف کی بلندی درجات کیلئے کراچی کے اسکولوں میں قرآن خوانی اور دعا کاسلسلہ جاری ہے۔ شہادت پانے والے آرمی پبلک اسکول کے طلبا اور اسٹاف کے درجات کی بلندی کیلئے لاہور کے اسکولوں میں قرآن خوانی اور دعا کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد کے تعلیمی اداروں میں سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں گزشتہ روز دہشت گردوں نے ایک سو بتیس بچوں کی جان لے لی ہے۔ عملے کے نو افراد شہید اور ڈیڑھ سو افراد زخمی ہوئے تھے۔ فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں چھ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک سو تیس سے زیادہ بچوں کی شہادت اور سیکڑوں زخموں نے قوم کے دلوں کو زخمی کردیا ہے۔
پشاور میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں وزیراعظم نے دہشت گردوں کو پیغام دیا ہے کہ اسکول حملے میں شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس واقعے سے ہمارے دل ضرور غم زدہ ہیں مگر ہماراعزم کمزور نہیں ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا وقت آگیا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر قوم دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں کے خلاف تنگ کردی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا پوری قوم آپریشن ضرب عضب میں مصروف پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔
دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور نا صرف پاکستان بلکہ انسانیت کےبھی دشمن ہیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے دہشت گردوں نےقوم کےدل پرحملہ کیاہے۔ اس سانحے پر عوام کے دل غم سے نڈھال ضرور ہیں مگر دہشت گردان بزدلانہ کارروئیوں سے قوم کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا انسانیت کے دشمنوں کےخاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ پاک فوج دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا خیبرایجنسی میں آج بھی دس مقامات پردہشت گردوں کونشانہ بنایا گیا ہے اور ان کی پناہ گاہوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہو نیوالے سانحے کو قومی المیہ قرار دیتے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے ہمدردوں و سہولت فراہم کرنے والوں کا بھی پیچھا کیا جا ئے گا۔
پشاور میں اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ جس میں سو سے زائد معصو م بچوں کی شہادت پر عالمی رہنما بھی دکھی ہوگئے۔ ترک وزیر اعظم طیب اردوان نے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ پشاور میں بچوں کا جو جانی نقصان ہوا وہ پوری دنیا کا نقصان ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے حملے کو تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے خلاف دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہا قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، فرانسیسی صدر، امریکی سفیر رچرڈ آلسن اور جرمن وزیر خارجہ نے پشاور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹیلی فون کرکے دہشت گردی کےواقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ بھارت نے واقعے کے خلاف اسکولوں میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔