کراچی : سانحہ صفورا میں را کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے کے بعد کراچی بھر میں سرچ آپریشن تیز کردیا گیا، کراچی کے مختلف علاقوں سے پولیس نے ستاون اور رینجرز نے ایک سو پینتالیس افراد کو حراست میں لے لیا۔
سانحہ کراچی کے مجرموں تک رسائی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پھرتیاں جاری ہے، رات بھر خفیہ اطلاعات پرسرچ آپریشن اور چھاپوں میں ٹارگٹ کلر سمیت سو سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
رات گئے نیوکراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا، اس دوران ٹارگٹ کلرعالم بیگ عرف گنجا اور منشیا ت فروشوں سمیت چالیس افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار عالم بیگ عرف گنجا انیس افراد کےقتل میں مطلوب تھا۔
پولیس نے گلشن اقبال،عیسیٰ نگری، زمان ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران ستاون افراد کو حراست میں لیا۔ زمان ٹاؤن سے تیس افراد ، عیسیٰ نگری سے بائیس اور گلشن اقبال کے علاقے مدینہ کالونی سے پانچ مشتبہ افراد حراست میں لیے ۔
پیر آباد سے چار افغان باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا، شانتی نگرمیں پولیس سے مقابلے میں ایک شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران رینجرز نے شہر کے بعض علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ایک سو پینتالیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔