لاہور : وزیرِ داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ سانحہ یوحنا آباد میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء ملوث تھی، سانحہ میں ملوث پانچ افراد کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایوان وزیرِاعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ داخلہ شجاع خانزادہ نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد میں تحریک طالبان پاکستان کا شہریار مسعود گروپ ملوث تھا، جسے بھارتی خفیہ ایجنسی راء نے معاونت فراہم کی تھی ، گروپ کا سربراہ قاری ثنا اللہ اپنے پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار ہوچکا ہے۔
کرنل (ر) شجاع خانزادہ صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ گروپ نے ماڈل ٹاؤن میں ایف آئی یو اور قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز پر حملے کیلئے دہشت گرد فراہم کئے اور اب وہ صوبے کی اعلی سیاسی اور حکومتی شخصیات کے ساتھ ساتھ سینئر پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، سکیورٹی اداروں کی اس کارروائی کے نتیجے میں صوبہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔
کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے رابطوں کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی اجتماعات کو بھی استعمال کیا جس کی چھان بین کی جارہی ہے۔ جبکہ اب تک کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔