لاہور: انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے سزائے موت کے منتظر تین قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے، دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے سزائے موت کے منتظر خضر حیات کی پھانسی پر تئیس جولائی تک عمل درآمد روک دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور کے جج نے سزائے موت کے منتظر تین قیدیوں ثمر جان، محمد ریاض اور ناصر شہزاد کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے، فیروز پور روڈ کے رہائشی مجرم ثمر جان کوانیس سو چھیانوے میں، مجرم ناصر شہزاد کو انیس سو اٹھانوے میں اور مجرم محمد ریاض کو دو ہزار چھ میں قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا۔
اعلی عدلیہ کی جانب سے ان قیدیوں کی اپیلیں بھی مسترد ہوچکی ہیں جبکہ صدر مملکت دونوں قیدیوں کی رحم کی اپیلیں بھی مسترد کر چکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے خضر حیات نامی قیدی کی سزائے موت پر تیس جولائی تک عمل درآمد روکتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔