کراچی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کراچی سے زیادہ دور نہیں سندھ اوربلوچستان میں خوب بادل برسیں گے، کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر ہنگامی صوتحال نافذ کردی گئی ہے۔
سمندری طوفان اور شدید بارشوں میں عوام کو چاہئے کہ وہ نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
سمندری طوفان اور تیز بارشوں میں نقصان کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے، اسی لئے چند ایسی احتیاطی تدابیر ہیں، جن پر عمل کرنے سے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔
سمندری طوفان سے نقصان سے بچنے کیلئے عارضی اور کچے گھروں میں رہائش پذیر افراد فوری طور محفوظ جگہ پر منتقل ہوجائیں، دورانِ بارش غیر ضروری طور پر نکلنے سے پرہیز کریں۔
طوفان اور بارش میں سڑکوں کی حالت خراب ہوتی ہے، اسی لئے گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط کریں اور سلو ڈرائیونگ کریں۔
گری ہوئی بجلی کی تاروں سے دور رہیں اورانہیں ہرگز نہ چھوئیں یہ جان لیوا ہوسکتی ہیں، ساحل سمندر کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے اپنے سازوسامان کو بالائی حصے پر محفوظ کریں۔
ریڈیواور ٹی وی پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلانات کو سنتے رہیں۔
اپنے پاس ٹارچ، دیا سلائی، کاغذ اور ریڈیو سمیت دیگر ضروری سامان ساتھ رکھیں، تمام ضروری ادویات پلاسٹک کے بیگ میں اپنے ساتھ رکھیں۔
، ساحل پر دفعہ ایک سوچوالیس نافذ ہے لہذا ہرگز ساحل کا رخ نہ کریں، بچوں کو پاور ساکٹس اور برقی آلات کے قریب نہ جانے دیا جائے۔
گیلے الیکٹرک سوئچز کو ہاتھ مت لگائیں۔
بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب پانی کے جوہڑ سے دور رہیں ہوسکتا ہے کہ ان میں کرنٹ ہو، اپنی گاڑیوں ، موٹر سائیکل کو کھمبوں کے نیچے پارک مت کریں۔ درختوں ، سائن بورڈز اور کھمبوں کے نیچے نہ کھڑے ہوں۔
جنریٹر یا پانی کی موٹر کو گیلا ہونے سے حتی الامکان بچایا جائے، کوشش کی جائے کہ بارش کے دوران گھر سے نہ نکلیں اور گاڑی کو انتہائی ضرورت کے وقت ہی روڈ پر لائیں۔