کراچی : رینجرز اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں محکمہ لینڈ کے دفتر پر چھاپہ مارکر ہزاروں کی تعداد میں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقوں سے لیز کی جانے والی زمینوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے مارا گیا۔ رینجرز اور ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں تیسرے اور دسویں فلور پر واقع محکمہ لینڈ کے دفتر پر پہلے سے گرفتار محکمہ لینڈ کے افسرجمیل بلوچ کی نشاندہی پر چھاپہ مارا ۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ وفاقی حکومت کے اداروں سے تعلق رکھنے والی 700 سے 800 ایکڑ زمین قابل اعتراض طریقے سے نجی افراد کو دی گئیں۔
چھاپے کے دوران رینجرز نے ہزاروں کی تعداد میں زمینوں کی فائلیں تحویل میں لے لیں ، ذرائع کاکہنا ہے کہ رینجرز نے ذیادہ تر فائلیں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقے سے زمینوں کو لیز کئے جانے کی فائلیں تحویل میں لیکر ٹرک کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کردی ہیں۔
کارروائی کے دوران سادہ لباس ایف آئی اے کے افسران و اہلکار بھی رینجرز کے ہمراہ تھے ۔کارروائی ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دس برس میں سرکاری زمین کی چائنا کٹنگ کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کا فیصلہ گیاہے جبکہ ذمہ داران کے خلاف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔