کراچی : پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب نے سندھ کا رخ کرلیا۔ سیلابی ریلے نے کئی دیہات ڈبو دیئے۔متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تباہی مچاتا سیلاب سندھ میں داخل ہوگیا ہے، گدو بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور جہاں سے پانچ لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔
غلام بند کے گرد ونواح میں سیلابی پانی کئی دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے جس سے لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے حکومتی دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔
متاثرین بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزرنے پر مجبور ہیں ۔مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ دوہزار دس سے اب تک سیلاب سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
سیلابی ریلہ گدو بیراج سے سکھر بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے۔سکھر بیراج کے تمام دروازے سیلابی پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر پورے سندھ میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔