منگل, ستمبر 8, 2026
اشتہار

سینئر اداکار فردوس جمال کا شاہ رخ خان سے متعلق بیان پر یوٹرن

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے معروف سینئر ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار فردوس جمال نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا۔

پاکستان کے معروف سینئر ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار فردوس جمال، جو اپنے ڈراموں ‘پیارے افضل’، ‘خدا اور محبت’، ‘وارث’، ‘منچلے کا سودا’ اور دیگر کئی لازوال پراجیکٹس کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، اکثر لیجنڈری اداکاروں سے متعلق اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے ہیں۔

حال ہی میں فردوس جمال نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بالی ووڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کے بارے میں اپنے گزشتہ بیان سے یوٹرن لے لیا۔

انٹرویو کے دوران فردوس جمال کا کہنا تھا میں نے شاہ رخ خان کے خلاف کچھ نہیں کہا تھا۔ میں ان کی تعریف کرتا ہوں، وہ ایک عظیم اداکار اور دلیپ کمار کا ہی ایک تسلسل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر اداکار کا اپنا ایک مکتبہ فکر ہوتا ہے۔ میرا تعلق دلیپ کمار کے مکتبہ فکر سے ہے، جبکہ شاہ رخ خان جیسے اداکار مختلف ہیں۔ مختلف اداکار مختلف لوگوں سے تحریک حاصل کرتے ہیں، جبکہ میں دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے اداکاروں سے متاثر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اداکار کی شروعات اور بنیاد دوسروں سے سیکھنے پر ہوتی ہے۔ انسان ایک ممی کری آرٹسٹ ہے اور یہ کوئی بری بات نہیں۔ سیکھنا ایک بہت بڑی صلاحیت ہے، کوئی منفی چیز نہیں، بلکہ یہ انسان کی فطرت ہے۔

ماہرہ خان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ماہرہ خان میرا مسئلہ نہیں ہیں، انہیں میرا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ وہ میری کوئی رشتہ دار نہیں ہیں، تو پھر آپ انہیں اس میں کیوں گھسیٹ رہے ہیں؟ وہ جیسی بھی ہیں، اچھی ہیں، لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فردوس جمال نے بیان دیا تھا کہ شاہ رخ خان کوئی اچھے اداکار نہیں ہیں اور ان دونوں کا آپس میں موازنہ بنتا ہی نہیں۔ انہوں نے شاہ رخ خان کے تلفظ، ادائیگی اور جسمانی ساخت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہ رخ خان ایک اداکار ہونے سے کہیں زیادہ بڑے سٹار ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں