کراچی : رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے حلقہ دوسو چھیالیس کے ضمنی انتخابات نے ثابت کردیا کہ رینجرز کی کارروائیاں کسی ایک سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ رکھنے کی شرط عوام کے مفاد کے لئے ہے، شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کے معاملے کو مشکل بناکر پیش کیا گیا۔
رینجرز حکام نے وضاحت کی کہ عوام اصل شناختی کارڈ کے علاوہ شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ رکھ سکتے ہیں، موبائل فون کے ذریعے ڈیٹا موقع پر ہی چیک کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا کارروں اور بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ حلقہ دوسو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کے روز بھرپور سیکیورٹی فراہم کی، حکام کا کہنا تھا کہ پُرامن ضمنی انتخاب میں رینجرز کے ساتھ پولیس، حکومت سندھ، کراچی انتظامیہ اور عوام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔