راولپنڈی: سکیورٹی فروسز نے ضلع ٹانک کے علاقے پیزو میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد، شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا گیا، فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے رواں سال جون میں شمالی وزیرستان اور ٹانک میں علیحدہ علیحدہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔
ضلع ٹانک کے علاقے منزئی میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ ہوئی تھی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے تھے جبکہ شرپسندوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئی تھیں۔