جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

آزادی مارچ: عمران خان نے بجلی کے بل جلادئیے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: عمران خان نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم بنوں یا نہیں، پاکستانی ایک قوم بن جائیں میرا مقصد پورا ہوجائے گا، انہوں نے تقریر کے اختتام پر بجلی کے بل بھی جلادئیے۔

پاکستان تحریک ِ انصاف کے سربراہ آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے اورخطاب کے دوران انہوں نے کارکنوں کو دھرنے کے چھتیس دن گزرنے کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب تو مسلم لیگ ن کے لیڈر بھی ’’گو نواز گو‘‘ کہنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پیغمبر مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوئےاورظالم کےخلاف آوازِحق بلند کی، یہی دعا تو ہم نماز میں مانگتے ہیں کہ ان کاراستہ دکھا جو صحیح راستے پرہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غریبوں پر ظلم ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہم اسی لئے یہاں موجود ہیں کہ پاکستان کے مظلوموں کوان کا حق دلائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھتیس دنوں میں سیاست کا جو مزہ آیا وہ اٹھارہ سال میں نہیں آیا۔

انہوں نے وزیرِاعظم کی تقریرکو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو قائدِ اعظم کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہئیے،وہ کبھی جھوٹ نہیں بولتے تھے جبکہ وزیر اعظم تو پارلیمنٹ میں بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قائد اعظم ٹیکس نہیں چراتے تھے ، انہوں نے عوام پر ظلم نہیں کرایا اورنہ ہی وہ کسی ملٹری ڈکٹیٹرکی پیداوار تھے اسی لئے ان کی عزت کی جاتی ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ انہیں وزارتِ عظمیٰ ملے نہ ملے ، اگر پاکستانی ایک قوم بن جائیں تو ان کا مقصد پورا ہوجائےگا۔

انہوں نے نیروبی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں غریب اور امیر کی خلیج اتنی بڑھ گئی ہے کہ کوئی وہاں گاڑی سے ہاتھ باہرنہیں نکال سکتا کہ گھڑی کے لئے اس کا ہاتھ کاٹ لیا جائے گا،اگرنظام نہیں بدلا تو پاکستان کا بھی یہی حال ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم نے تعلیم پر بے پناہ زوردیا اوران کی حکومت میں پچپن لاکھ بچے پرائمری اسکول نہیں جاسکتے۔

انہوں نے غربت اور جرائم کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے وزیرِاعظم سے سوال کیا کہ پچھلے تیس سال میں آپ لوگ چھ بار پنجاب اور تین بار مرکز میں حکومت میں آئے اورکچھ نہیں کیا تو اب کون سا چراغ رگڑکرملک کی حالت سدھاریں گے؟۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مزید دو ججز نے دھاندلی کے خلاف پی پی ایک سو چھتیس اورایک سو ساتھ میں دھاندلی کے مقدمے میں فیصلہ دیتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے بارے میں لکھا کہ ان کا کردارشرمناک تھا، پی پی ایک سو چھتیس میں اسی فیصد دھاندلی ہوئی۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے اقبال کا شاہین بننا ہے ، پرواز تو کوّا بھی کرتا ہے لیکن اقبال کا شاہین سچا ہوتا ہے۔ عدل و انصاف سے کام لیں اور اپنی انا پر قابو پالیں کیونکہ خود غرض انسان بڑا انسان نہیں بن سکتا۔

انہوں نے نواز شریف سے سوال کیا کہ بجلی کی قیمت اسی فیصد کیوں بڑھائی گئی، چوری پرقابو کیوں نہیں پایا گیا؟۔

عمران خان کی تقریر کے دوران دھرنے کے شرکاء’گو نواز گو‘کے نعرے لگاتے رہے، عمران خان نے تقریر کے اختتام پرسول نا فرمانی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے گھرکے بجلی کے بل بھی جلادیئے۔

اہم ترین

فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں

مزید خبریں