ملتان: سابق وزیرِقانوں پنجاب رانا ثناء اللہ پرعمران خان کیخلاف اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملتان کے تھانے میں کاٹی گئی ایف آئی آرکی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو عمران خان کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینا مہنگا پڑگیا ہے، ملتان کے شہری محمد فہیم کی درخواست پر عدالتی حکم کی روشنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے نجی چینل کے پروگرام میں عمران خان کیخلاف بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی، جس پر اُن کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد مقدمے کا حکم دیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پولیس نے عدالتی حکم کے منافی دفعہ ایک سو ترپن کے تحت کمزور مقدمہ درج کیا، رانا ثناء اللہ پر ایک ماہ میں درج ہونے والا یہ دوسرا مقدمہ ہے، اس سے پہلے سابق وزیرِ قانون سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔