راولپنڈی: سابق صدر آصف زرداری کو غیرقانونی اثاثہ جات کیس میں آج حاضری سے استثنیٰ مل گیا جبکہ انہیں تیرہ مئی کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غیرقانونی اثاثہ جا ت کیس کی سماعت راولپنڈی کی احتساب عدالت میں ہوئی، سابق صدر کے وکیل سینیٹر فاروق نائیک نے عدالت میں تحریری درخواست جمع کرائی کہ ان کے موکل اسلام آباد پہنچ چکے ہیں مگر ان کی طبیعت ناساز ہے اور وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
لہذا انہیں حاضری سے استثنی دیا جائے۔
عدالت نے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت تیرہ مئ تک ملتوی کردی تاہم طلبی کا حکم برقراررکھا گیا۔
سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع تھی، جو پارٹی کے شریک چئیرمین کے حق میں نعرے بازی کرتی رہی ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے
واضح رہے کہ آصف علی زرداری پر سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں قومی احتساب بیورو نے غیرقانونی اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کیا تھا ۔