وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے دینے والے سرمایہ کاروں کو ملک سے بھگانا چاہتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ 6 ماہ کولیشن سپورٹ فنڈ نہ ملے تو ملکی معیشت بیٹھ جائے گی۔
لاہور میں پاکستان انجینیئرنگ کانگریس کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے والے ملک کی کوئی خدمت نہیں کر رہے، قوم اب دھرنوں اور سیاسی مظاہروں کے پیچھے نہیں چلے گی، عمران خان کو خیبرپختونخواہ میں امن قائم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں تین سال تک احتجاج کا راستہ ترک کرکے قومی مسائل پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہوں، احسن اقبال نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازع مسئلہ ہے جس پر سیاست دان اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکے۔
اس ڈیم سے حاصل ہونے والے چند ارب روپے کے فوائد کی خاطر ملک کا بٹوارہ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے سستے ذرائع تلاش کر رہے ہیں، جی ایس پی پلس ملنے سے ٹیکسٹائل کی صنعتوں کو ترقی ملنے کے امکانات موجود ہیں۔