لاہور: چھ روز قبل پولیس لائن کے قریب دھماکے کا ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا۔
پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر دھماکے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق گرفتارملزم فوجی تھا اور پولیس میں ملازم بھی رہے چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے خودکش حملہ آور کو اپنا عزیز ظاہر کرکے پولیس لائن کا دورہ کروایا اور خودکش حملہ آور کو ستائیس روز تک ریلوے اسٹیشن پر ہوٹل میں رکھا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ لاہور میں پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر زوردار دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔
لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز دھماکے کے فوری بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز کے علاقے میں روزمرہ کے کام جاری تھے کہ بارہ بجکر پینتیس منٹ اور چھ سیکنڈ پر دھماکا ہوا۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی، جائے وقوعہ سے قریب ایک پٹرول پمپ کی اے آر وائی نیوز کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے سے افراتفری پھیل گئی۔
لوگ حواس باختہ ہوگئے اور ادھر اُدھر بھاگنے لگے ہر کوئی اپنی جان بچانے کیلئے محفوظ مقام کی طرف بھاگ رہا تھا۔