لاہور : ماڈل ٹاؤن کے ایک گھر سے پانچ لاشیں برآمد ہوئی ہیں پولیس کے مطابق خاوند نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن سے ایک خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمدہوئیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گھر کے سربراہ نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی۔
پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیں۔ ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو زمیندار چالیس سالہ بشارت، اس کی اہلیہ فائزہ آٹھ سالہ بیٹے عبد اللہ چھ سالہ عبدالحادی اور پانچ سالہ بیٹی حبہ کی لاشیں گھر کے ایک کمرے میں پڑی تھیں اور اندر سے کنڈی لگی ہوئی تھی۔
متوفیان کے عزیز واقارب کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں کبھی جھگڑا نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بشارت نے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی۔
مرنے والے تمام افراد کے سر پر گولیاں لگی ہیں۔ شبہ ہے کہ مقتولین کو قتل کرنے سے پہلے نشہ آور چیز پلائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خود کشی کا واقعہ ہی لگتا ہے۔
پانچ افراد کے قتل کی تحقیقات کے لئے لاہور پولیس نے فرانزک ماہرین کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔