لاہور:عوامی تحریک کی درخواست پرلاہور کی سیشن عدالت نے ماڈل ٹاؤن واقعہ کا مقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اکیس شخصیات کے خلاف درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم سے ریکارڈ طلب کرلیا۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف سیشن کورٹ میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج صفدر علی بھٹی نے منہاج القرآن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔
جواد حامد کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ نون لیگ کی قیادت کے ایما پر کی گئی۔ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اب مزید ایف آئی آر کی ضرورت نہیں ۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ مقدمے کا تمام ریکارڈ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے پاس ہونے کی بنا پر پیش نہیں کیا جاسکتا۔ سماعت کے بعد عوامی تحریک کے کارکنوں نے احاطہ عدالت میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عدالت نے کیس کی مزیدسماعت انیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے ریکارڈ طلب کرلیا۔