ملتان : پاکستان تحریکِ انصاف ملتان میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔
پی ٹی آئی ملتان میں پی پی 196 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں میدان سجائے گی، جس کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کےسربراہ عمران خان کا جلسے کے شرکاء سے خطاب شام چھ بجے متوقع ہے۔
جلسے میں پچیس ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ اسپورٹس گراؤنڈ کی دیواروں کو توڑ کر مزید دو گیٹ بنائے گئے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے ضلعی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ ملتان کے گزشتہ جلسوں کی طرح کامیاب ہوگا، عمران خان کراچی کے امن وامان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ پولیس کے غیرسیاسی ہونے تک کراچی میں رینجرز غیر فعال رہے گی۔