ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے بالائی علاقوں میں برف باری ہے تو میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ٹھار ہوائیں ۔سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گرم مشروبات کا استعمال بڑھ گیا۔
ملک بھر میں جاڑے نے دھوم مچادی۔ کہیں سرسراتی ٹھنڈی ہوائیں تو کہیں راج ہے ہلکی بارش اور برف باری کا۔ گلگت بلتستان اوراور ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ اپر اور لوئر دیر میں بارش کے بعدسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔ملکہ کوہسارمری میں بھی وقفے وقفے سے بارش اوربرفباری کا سلسلہ ہے جاری ۔مری میں تین انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے شہری کر رہے ہیں گرم مشروبات کا استعمال۔ پنجاب کے شہروں میں سردی کی شدت کے سارتھ ساتھ دھند نے بھی اپنا راج برقرار رکھا ہو اہے۔خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ بلوچستان کے بیشترعلاقے بھی سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔درجہ حرارت کم ہوتے ہی کوئلہ اور جلانے والی لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی کا بھی رخ کر لیا ہے۔ جس کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا،اسلام آباد،بالائی پنجاب ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوگی جس کے ساتھ ہی سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔