ملک کے بیشترعلاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، شہریوں کا سردی کے مارے برا حال ہوگیا، کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں پانی نے برف کی شکل اختیار کرلی۔
ملک بھر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ جاری ہے، سردی کی شدت میں بے انتہا اضافے نے شہریوں کے ہاتھ پاؤں سن کر دیئے، سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کے ساتھ دھند کا بھی راج برقرار ہے۔
کوئٹہ میں سردی کا اڑتیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تیرہ درجے نیچے گرگیا، قلات میں بھی درجہ حرارت منفی سولہ ہوگیا، سردی کے باعث سڑکیں سنسان دکھائی دیتی ہیں، لوگ جگہ جگہ الاؤ تاپتے نظر آئے۔
بلوچستان کے متعدد شہروں میں شدید سردی کے باعث پانی کی ٹنکیوں اور پائپوں میں پانی جم گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیالکوٹ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم انتہائی سرد کر دیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بدھ تک سردی کی لہر برقرار رہے گی، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان اور مری میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اورسرد رہے گا۔