کراچی: موبائل فون جدید دور میں سہولت کے ساتھ ساتھ جان لیوا بھی ثابت ہونے لگاہے، ایسا ہی ایک واقعہ کراچی میں پیش آیا جہاں موبائل فون کی بیٹری پھٹنے سے 19 سالہ لڑکی جھلس گئی۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان لڑکی اپنے موبائل پر گانے سننے میں مشغول تھی کہ اچانک اس کا موبائل فون دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں لڑکی جھلس گئی اوراسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برن سینٹر میں داخل کرایا گیا۔
متاثرہ لڑکی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہیں جانتی کہ ایسا کیسے ہوئا، وہ گانے سننے میں مشغول تھی کہ ایک دم دھماکہ ہوا جس کے باعث اس کے اوسان خطا ہوگئے اور جب حواس بحال ہوئے تو وہ اسپتال میں تھی۔
سول اسپتال برن سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر العبران نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ سوتے وقت تکیے کے نیچے موبائل فون نہ رکھیں، بیٹری پھول جانے کی صورت میں ضائع کردیں، جبکہ لو بیٹری والے موبائل کو چارج کریں یا پھر بند کردیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ برنس سینٹر کی گذشتہ سات سال کی تاریخ میں پہلی بار موبائل کی بیٹری پھٹنے کی وجہ زخمی ہونے کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔