کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ۔
ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور ایک دوسرے کی صحت وعافیت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، آصف علی زرداری نے الطاف حسین کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی اس کے مخالفین کے الزامات کا بھرپور جواب ہے، الطاف حسین نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی پر انہیں بھی مبارکباد دی ۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ یہ ملک بھر کے مظلوم عوام کی کامیابی ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے گورنر ہاؤس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔