کوئٹہ : مرحوم نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی ہے، نوابزادہ طلال اکبر بگٹی گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے بعد انتقال کرگئے تھے جن کی نماز جنازہ بگٹی ہاؤس میں ادا کردی گئی ۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد نوابزادہ طلال بگٹی کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈیرہ بگٹی روانہ کردی گئی ، ہیلی کاپٹر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے فراہم کیا ۔
نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی تدفین اُن کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔انہیں ڈیرہ بگٹی میں نواب اکبر بگٹی کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ اکبر بگٹی کی وفات کے بعد جمہوری وطن پارٹی کی قیادت سنبھالنے والے نوابزادہ طلال اکبر بگٹی گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد کوئٹہ میں انتقال کر گئے تھے۔
جے ڈبلیو پی نے ان کے انتقال پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔