لنکن : دورہ نیوزی لینڈ میں شامل وارم اپ میچ میں مصباح الحق کی سنچری بھی پاکستان کے کام نہ آسکی، پریذیڈنٹ الیون نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لنکن میں کھیلے گئے پچاس اوورز کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے پریذیڈنٹ الیون کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کپتان مصباح الحق نے ایک سو سات رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عمر اکمل اڑسٹھ رنز بناسکے۔احمد شہزاد سینتیس اور وہاب ریاض نے تیس رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان ٹیم تین سو تیرہ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
جیمیسن، وین بیک اور ہکس نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص بولنگ کی وجہ سے پریذیڈنٹ الیون نے ہدف باآسانی چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
سیفرٹ ایک سو پندرہ اور نکولس نے ایک سو چار رنز اسکور کیے۔احسان عادل نے اکیاسی رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم دوسرا وارم اپ میچ ستائیس جنوری کو کھیلے گی۔