کراچی (ویب ڈیسک) – یہ ایک حقیقت ہے کہ آج کے دور میں جب کہ مقابلے کی دوڑ لگی ہوئی ہے ہر کسی کے لئے اپنی نوکری بچانا محال ہورہا ہے ہم آپ کو بتاتے ہیں کچھ ایسی وجوہات جن کے سبب کسی بھی وقت آپ کی نوکری خطرے میں پڑسکتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہم بتائیں گے ان وجوہات کے سدِ باب کے طریقے جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔
۔ تاخیرسے دفترپہنچنا آپ کی شخصیت کا ایک انتہائی منفی رخ پیش کرتا ہے بے شک آپ کتنا ہی اچھا کام کیوں نہ کرتے ہوں لہذاکوشش کیجئے کہ وقت ِمقررہ سے چند منٹ قبل دفتر پہنچنے کو اپنی عادت بنائیں۔
۔ وہ امور جو آپ کو تفویظ کئے گئے ہیں کوشش کیجئے کہ انہیں مقررہ وقت سے پہلے ہی انجام دیں اورافسرانِ بالا تک پہنچانے سے پہلے ایک بارپھرناقدانہ نظرسے اس کا جائزہ لیں، یاد رکھیں کوئی بھی کام ایک ہی بار میں کامل نہیں ہوتا لہذا اسکا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ اپنا کام تاخیرسے کریں گے اوراس میں عموماً غلطیاں ہوں گی تو آپ کام کے حوالے سے قابلِ بھروسہ شخصیت نہیں رہیں گے۔
۔ اگر آپ وہ کام سرانجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے جس کے لئے آپ کو رکھا گیا ہے تو آپ اپنے دفتر میں ایک فالتو شخص ہوکررہ جائیں گے، یاد رکھئے کہ آپ انٹرویو میں دعوے کرکے نوکری تو حاصل کرسکتے ہیں لیکن اسے بچا نہیں سکتے۔
۔ یاد رکھئیے کہ آپ ملازم ہیں اورہدایات و احکامات پرعمل کرنا آپ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہے اگر آپ اپنے افسرانِ بالا کے احکامات پر عمل نہیں کریں گے تو پھرآپ کے دفترمیں آپ کی جگہ نہیں رہے گی۔
۔ آپ میں مختلف مزاج کے افراد کے ساتھ گھل مل کر کام کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیئے ایسا نہ ہو کہ آپ اپنے دفتری ساتھیوں کے ساتھ کسی ایسی بحث میں ملوث ہوجائیں جو لڑائی کا سبب بنے یا دفتری ماحول کو مکدرکرے، یاد رکھئیے دفترکام کی جگہ ہے دوست یا دشمن بنانے کی نہیں!۔
۔ شراب یا کسی بھی قسم کی منشیات کا استعمال عموماً دفاترمیں ممنوع ہوتا ہےلہذا ایسی کسی بھی حرکت سے پرہیزکیجئے۔
۔ اپنے دفتر کی متعلقہ اشیاء اورمعلومات کی حفاظت کیجئیے یہ بات ہمیشہ یاد رہنی چاہئیے کہ دفتر سے متعلق کوئی بھی چیزیا معلومات آپ کے ذریعے سے باہرنہیں جانی چاہئیے کیونکہ آپ کاادارہ آپ پربھروسہ کرتا ہے اورایسی کسی حرکت کے نتیجےمیں آپ کا ادارے سے تعلق اختتام پذیرہوسکتا ہے۔
۔ اگرآپ نوکری کےعلاوہ کوئی ذاتی کاروبار بھی کرتے ہیں تو دفتر کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات مثلاً اسٹیشنری، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، یا کیمرہ وغیرہ ہر گز اہنے ذاتی استعمال میں مت لیجئے اورنہ ہی دفتری اوقات میں اپنے ذاتی امور انجام دیجئے کیونکہ کہ آپ کی تنخواہ آپ کے اس وقت کی قیمت ہے جو آپ دفترکو دیتے ہیں اوران اوقات میں کوئی اورکام کرنانہ صرف اخلاقی بلکہ مذہبی نقطۂ نظر سے درست نہیں ہے۔
یہ ہیں وہ عوامل جو کہ آپ سے آپ کی نوکری کسی بھی وقت چھین سکتے ہیں لہذا احتیاط کیجئے اوراچھی عادتیں اپنائیے تا کہ آپ کی ترقی کا سفرتیزہو۔