لاہور : پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر باقاعدہ ‘بلامعاوضہ میت منتقلی سروس’ کا افتتاح کردیا گیا ، شہری 1122 پر رابطہ کر کے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر باقاعدہ ‘بلامعاوضہ میت منتقلی سروس’ کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس سروس کے تحت اب سرکاری اسپتالوں سے میت کی گھر تک منتقلی کے لیے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو اہلکاروں کے حوالے چابیاں کیں۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موت کی صورت میں سوگوار خاندانوں سے منہ مانگے کرائے وصول کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں یہ سروس لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں فراہم کی جائے گی، جبکہ جون تک اس کا دائرہ کار پنجاب کی تمام تحصیلوں تک پھیلا دیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں سروس کے لیے مخصوص ایمبولینسز فراہم کی جائیں گی اور شہری 1122 پر رابطہ کر کے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔
اسپتالوں میں 24 گھنٹے تربیت یافتہ عملہ اور خصوصی ڈیسک موجود ہوں گے، جبکہ سمارٹ ریسکیو مینجمنٹ اور ڈسپیچ سسٹم کے ذریعے سروس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں شہریوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ اختیار کریں اور کسی بھی صورت رقم وصول نہ کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


