اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ آسٹریلوی حکومت اور پاکستان کی منتخب جمہوری حکومت کے مابین تعلقات تیزی سے فروغ پذیر ہیں، اس ضمن میں آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں ہونے والی مشترکہ تجارتی کمیٹی کی حالیہ میٹنگ انتہائی خوش آئند اور کامیاب رہی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت آئندہ سال ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جائے گی، آسٹریلیا پاکستان سے زرعی اجناس کی برآمدات میں اضافے کےلئے تعاون کرے گا ، جس سے پاکستان کی برآمدات بڑھانے کی
تکنیکی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کا زرعی سیکٹر جس کی برآمدات میں اضافے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں وہ ترقی کرے گا،اجلاس میں توانائی، انجینئرنگ، تکنیکی، تعلیم و تربیت اور سروسز سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی ، جس میں وزارت تجارت، پاکستان میں موجود آسٹریلوی ہائی کمیشن اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نمائندے شامل ہوں گے۔