پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز: یاسرشاہ کی شمولیت کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان متوقع ہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں سعید اجمل کے متبادل کے طور پر یاسر شاہ کو موقع دیا جاسکتا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے کون ہوگا ٹیم میں ان اور کون باہر اعلان منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کے درمیان ٹیم کے انتخاب کے لئے مشاورت جاری ہے، چیف سلیکٹر معین خان اور ہیڈ کوچ وقار یونس بہترین ٹیم تشکیل دینے کے لئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ٹیم کے انتخاب میں کپتان مصباح الحق کی رائے بھی بہت اہم ہے، چئیرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق سعید اجمل کی معطلی کے بعد اسپن بولنگ کا شعبہ مشکلات سے دوچار ہے جس کو پر کرنے کے لئے یاسر شاہ کو ٹیسٹ میں موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔

ٹیسٹ اوپننگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے احمد شہزاد کے ساتھ محمد حفیظ کو شامل کیا جاسکتا ہے، عمر اکمل کی دورہ سری لنکا میں ناقص کارکردگی کے بعد سرفراز احمد کو ٹیسٹ کے ساتھ ون ڈے میں بھی آزمایا جائے گا۔

تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو صرف ٹیسٹ تک محدود رکھا جائے گا جبکہ ون ڈے میں ان کی جگہ اسد شفیق کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے۔

سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کا آغاز سات اکتوبر سے ہوگا۔

اہم ترین

مزید خبریں