اسلام آباد : صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کے استاد اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمٰن عرف یاسر رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم بانٹنے والوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک سولہ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان جاں بحق ہوگئے۔
مقتول وحید الرحمان جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر تھے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے وہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں بھی تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے تھے۔
ڈاکٹر وحید الرحمان اپنے حلقہ احباب میں یاسر رضوی کے نام سےجانے جاتے تھے۔