جبل پور: بھارت میں ایک اسکول نے اپنے نصاب میں پاکستانی سابق صدرجنرل پرویز مشرف کو عظیم ترین افراد کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
سابق صدر جنرل پرویز مشرف کا بھارت میں عمومی تاثرناپسندیدہ شخصیت کا ہے ان کے دور میں پاک بھارت تعلقات کشیدگی کا شکار رہے اوردو مرتبہ افواج آمنے سامنے آگئیں تھیں۔
حیرت انگیز طورپر بھارت کے اسکول کے نصاب میں جنرل پرویز مشرف کا نام اور ان کی تصویر عظیم ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست جبل پور کے ایک نجی اسکول کے تیسری جماعت کے نصاب میں جنرل پرویز مشرف کا نام چھ عظیم شخصیا ت کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جس پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک لیا اور ضلعی عہدیداران سے اس معاملے پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
متعلقہ حکام نے شکایت کا نوٹس لیتے مذکورہ مواد کو نصاب سے حذف کرنے کا حکم جاری کردیا جس کے بعد سابق صدر کا نام اس فہرست سے خارج کردیا گیا۔
نام خارج کرنے کے معاملے پر موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف کے دور میں کارگل جنگ ہوئی تھی جس میں بڑے پیمانے پر بھارتی سپاہی جان سے گئے تھے لہذا ان کا نام اس فہرست میں شامل کرنا مناسب نہیں ہے۔
اسکول کے پرنسپل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر ایکشن لے لیا گیا ہے اور مذکورہ حصے کو نصاب سے خارج کردیا گیاہے۔